نیویارک، یکم جون؍(آئی این ایس انڈیا)امریکہ نے خبردار کیا ہے کہ فرانس میں اگلے ماہ منعقد ہونے والے یورو 2016فٹ بال چمپیئن شپ کو شدت پسندوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کا خطرہ ہے۔امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق گرمیوں میں بڑے پیمانے پر سیاح یورپ کا رخ کرتے ہیں اور یہ دہشت گردوں کا بڑا ہدف ہو سکتے ہیں۔اسٹیڈیم، کنسرٹ ہال اور ریستورانوں پر ہونے والے ان حملوں میں 130افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ اس کے بعد مارچ میں ہمسایہ ملک بیلجیئم کے برسلز ایئر پورٹ اور میٹرو سٹیشن پر حملوں میں 32لوگ مارے گئے۔ دونوں حملوں کی ذمہ داری نام نہاد دولتِ اسلامیہ نے قبول کی تھی۔امکان ہے کہ یورو فٹ بال ٹورنامنٹ دیکھنے کے لیے دس لاکھ سے زائد شائقین فرانس آئیں گے۔ ٹورنامنٹ میں براعظم کی بہترین قومی ٹیمیں حصہ لیں گی۔امریکہ نے اپنے شہریوں کو سفری تنبیہ جاری کرنے ہوئے کہا کہ ان پر یورپ بھر میں حملوں کا خطرہ ہے۔یوں تو امریکہ اپنے شہریوں کے لیے معمول کے مطابق سفری تنبیہ جاری کرتا رہتا ہے کہ لیکن 20برسوں میں پہلی بار ہے کہ اس نے بالخصوص یورپ کے لیے الرٹ جاری کیا ہے۔تنبیہ کے مطابق سیاحتی مقامات، ریستورانوں، کمرشل سنٹرز اور ٹرانسپورٹیشن کو حملوں کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔اس تنبیہ میں ٹور ڈی سائیکل ریس اور پولینڈ میں کیتھولک چرچز کے یوتھ ڈے کے حوالے سے بھی خبردار کیا گیا ہے جہاں 25لاکھ شائقین کی آمد متوقع ہے۔برطانیہ کی وزراتِ خارجہ نے بھی فرانس میں دہشت گردی کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔امریکی تنبیہ کے حوالے سے پوچھنے پر وزراتِ خارجہ کا کہنا تھا وہ بالخصوص فٹ بال کے شائقین کو خبردار کریں گے۔فرانس نے ہنگامی حالت میں توسیع کرتے ہوئے اس میں ٹورنامنٹ کا وقت بھی شامل کیا ہے اور وہ اس دوران ڈرونز پر پابندی کے حوالے سے غور کر رہا ہے۔فرانس بھر میں 90000پولیس اہلکار، فوج اور نجی سکیورٹی ایجنٹس تعینات ہیں۔